تازہ ترین ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

بدخشان میں طالبان حکومت کے محکمہ اطلاعات کے سربراہ ذبیح اللہ امیری مسلح حملے میں جاں بحق

بدخشان (ویب نیوز): افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشان میں طالبان حکومت کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ ذبیح اللہ امیری ضلع بہارک میں مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ طالبان حکام کے مطابق وہ صبح دفتر جاتے ہوئے بہارک۔فیض آباد شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ کا نشانہ بنے، جبکہ ان کا ایک محافظ معمولی زخمی ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ محافظوں کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا، جو زیر علاج ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تاحال کسی فرد یا گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ذبیح اللہ امیری طالبان حکومت کی نمایاں میڈیا شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور گزشتہ چند برسوں سے بدخشان کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔