نیویارک (ویب نیوز): امریکی ماہرِ ارضیات اور نیویارک یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل ریمپینو نے دعویٰ کیا ہے کہ زمین پر بڑی قدرتی آفات تقریباً ہر 27 ملین سال بعد رونما ہوتی ہیں اور موجودہ دور بھی ایسے ایک ممکنہ مرحلے کے قریب ہو سکتا ہے۔ اپنے نئے تحقیقی مقالے میں انہوں نے گزشتہ تقریباً 260 ملین برس کے دوران پیش آنے والے 89 اہم ارضیاتی واقعات، جن میں بڑے پیمانے پر جانداروں کی معدومیت، سمندروں میں آکسیجن کی شدید کمی، آتش فشاں پھٹنے، زلزلوں کے سلسلے، سمندر کی سطح میں تبدیلیاں اور سمندر کی تہہ کے پھیلاؤ کی رفتار شامل ہیں، کا ازسرِنو جائزہ لیا۔ ان کے مطابق یہ تمام واقعات تقریباً 27 ملین سالہ چکر سے منسلک دکھائی دیتے ہیں، تاہم متعدد ماہرین ارضیات اس نظریے سے اتفاق نہیں کرتے اور ان کا کہنا ہے کہ مختلف قدرتی واقعات کو ایک ہی سبب سے جوڑنے کے لیے مزید سائنسی شواہد درکار ہیں۔
