کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب نوشکی کے علاقے پدک اور مل ایریا میں مسلح افراد نے کھڑی گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 10 گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں، جن میں 4 باؤزر گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ واقعے میں ایک شخص زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ-کراچی اور کوئٹہ-تفتان شاہراہ پر اس طرح کے واقعات آئے روز پیش آ رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی مل کے علاقے میں 6 ایل پی جی باؤزرز کو نذر آتش کیا گیا تھاجبکہ معدنیات لے جانے والے قافلے پر حملے میں 10 گاڑیوں کو آگ لگائی گئی تھی۔
بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں پر ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ ہو سکے اور اربوں روپے مالیت کی گاڑیوں کی تباہی کو روکا جا سکے۔


