نوکنڈی (ویب نیوز): ریکو ڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کے زیر اہتمام، سی ڈی سی کی سفارش اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے چلنے والے ریکو ڈک اسکالرشپ فاؤنڈیشن پروگرام کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام میں ضلع چاغی کے 50 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 38 طلبہ نے فاؤنڈیشن سمسٹر مکمل ہونے سے قبل ہی پاکستان کی ممتاز جامعات میں داخلہ حاصل کر لیا، جبکہ 12 طلبہ ایم ڈی کیٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ تقریب میں سی ڈی سی نوکنڈی کے چیئرمین حاجی عرض محمد بڑیچ، خان عبدالرحمن محمدزئی، سردار منظور محمدانی، آر ڈی ایم سی کے سسٹین ایبلٹی مینیجر اسٹیفن ہرب، عیسیٰ طاہر، زینب نظیر اور دیگر نے شرکت کی۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے معیاری تعلیم کو بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا، جبکہ آر ڈی ایم سی نے نوجوانوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری اور اسکالرشپ پروگراموں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروگرام کے طلبہ کی اوسط تعلیمی کارکردگی صرف پانچ ماہ میں 33 فیصد سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے بعد پروگرام کی مدت 6 ماہ سے بڑھا کر 9 ماہ کر دی گئی ہے اور نئے بیچ کی کلاسز ستمبر 2026 سے شروع ہوں گی۔
