تازہ ترین ۶ ستمبر ۲۰۲۶

رات 8 بجے سے پہلے ڈنر کرنا دل کی صحت کیلئے بہتر، دیر سے کھانے سے بیماریوں کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

کوئٹہ(ویب نیوز) ماہرین قلب کے مطابق رات کا کھانا دیر سے کھانے سے دل اور شریانوں کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ ایک بڑی طبی تحقیق میں ایک لاکھ سے زائد بالغ افراد کا سات سال سے زیادہ عرصے تک جائزہ لیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ دیر سے کھانا کھانے والوں میں دل کی بیماری، فالج اور شریانوں کی رکاوٹ کے امکانات زیادہ تھے۔ ماہرین کے مطابق جسم ایک قدرتی حیاتیاتی گھڑی کے تحت کام کرتا ہے جو بلڈ پریشر، ہارمونز اور میٹابولزم کو منظم کرتی ہے، جبکہ رات گئے کھانا اس نظام کو متاثر کرکے انسولین کی کارکردگی اور بلڈ شوگر میں خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق رات 8 بجے سے پہلے کھانا کھانے والوں کے مقابلے میں 9 بجے کے بعد ڈنر کرنے والوں میں دماغی شریانوں سے متعلق بیماریوں کا خطرہ زیادہ پایا گیا، تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ رات 9 بجے کے بعد کھانا براہ راست بیماری کا سبب نہیں بلکہ دیر سے سونے اور غیر متوازن طرز زندگی کے ساتھ مل کر صحت کے مسائل کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔