کوئٹہ(ویب نیوز)پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول راڈھو جوکھیو، یونین کونسل گڈاپ میں افتتاحی اور حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاپانی حکومت نے سندھ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے 20 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کے لیے 1.686 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی، جس کے تحت 60 کلاس رومز کی تعمیر و توسیع کی گئی اور سالانہ تقریباً 2400 طالبات مستفید ہوں گی۔ تقریب میں جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے، سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، محکمہ تعلیم کے حکام، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ لڑکیوں کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
