پاکستان ۲۵ جولائی ۲۰۲۶

وفاق اور بلوچستان حکومت کا امن و امان مزید مؤثر بنانے پر اتفاق

کوئٹہ(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی مشترکہ صدارت میں بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی فورس اور بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے، پولیس کو مضبوط کرنے کے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی کے استعمال پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی، جبکہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وفاق کے تعاون سے امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔