کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں کے بہادر بلوچ اور پشتون عوام نے قیامِ پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں بلوچستان کی متعدد ریاستوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان میں شمولیت اختیار کی جبکہ 1948 میں دیگر بلوچ اور پشتون رہنماؤں نے بھی قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا اور اُس وقت کی مخلص قیادت نے ذاتی مفادات پر قومی و وفاقی مفاد کو ترجیح دی۔
