پاکستان ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 12 حملہ آور ہلاک، 15 اہلکار شہید

ٹانک(ویب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری اہلکار سمیت مجموعی طور پر 15 افراد شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مزید دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔