پاکستان ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزرا کی ملاقات، امن، ترقی اور عوامی فلاح پر تبادلہ خیال

کراچی(ویب نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزرا کے اعلیٰ سطحی وفد نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی، انتظامی، معاشی اور ترقیاتی صورتحال، امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح، سرمایہ کاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ملک کی مجموعی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، صحت، تعلیم، صاف پانی، مواصلات، زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت اور روزگار کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزرا نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا، جبکہ اجلاس کے اختتام پر بلوچستان میں امن، ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مؤثر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔