پاکستان ۲۳ جولائی ۲۰۲۶

سینیٹ قائمہ کمیٹی کا صحافیوں کو پیکا ایکٹ سے تحفظ دینے کا فیصلہ، میڈیا شکایات متعلقہ اداروں کو بھجوانے کی سفارش

کوئٹہ (ویب نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے صحافیوں کو پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی سے تحفظ دینے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سفارش کی ہے کہ اخبارات، ڈیجیٹل ایڈیشنز، ویب سائٹس اور ٹی وی چینلز کی شائع شدہ خبروں سے متعلق شکایات متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو بھیجی جائیں۔ کمیٹی نے این سی سی آئی اے کو میڈیا اداروں کی شائع شدہ خبروں پر براہِ راست کارروائی سے روکنے کی سفارش کرتے ہوئے قرار دیا کہ اخبارات سے متعلق معاملات پریس کونسل آف پاکستان جبکہ ٹی وی چینلز کی شکایات پیمرا کے ذریعے نمٹائی جائیں۔ کنوینر کمیٹی سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ میڈیا سے متعلق تنازعات کے لیے متعلقہ فورمز ہی قانونی اختیار رکھتے ہیں۔ کمیٹی نے صحافیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک معاملہ بھی مزید کارروائی کے لیے پریس کونسل آف پاکستان کو بھجوا دیا۔