کوئٹہ (ویب نیوز): عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص بلوچستان میں امن و امان، بڑھتی ہوئی لاقانونیت، آئینی و جمہوری اداروں کو درپیش چیلنجز، اظہارِ رائے کی آزادی، صحافت و عدلیہ پر دباؤ اور پارلیمان کے وقار سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت کوئٹہ میں مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور ملک بھر کی سیاسی قیادت کی شرکت کو یقینی بنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کانفرنس کو موجودہ حالات میں اہم قرار دیتے ہوئے بلوچستان اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ سیاسی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سانحۂ زیارت کے خلاف کوئٹہ میں ہونے والے پرامن احتجاج کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لواحقین اور آل پارٹیز کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
