کوئٹہ (ویب نیوز): مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی مری میں ہونے والی غیر رسمی بیٹھک میں ملکی سیاسی، معاشی اور سفارتی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی انتخابی حکمت عملی، نواز شریف کے میرپور جلسے کی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم، وفاقی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ایران، امریکا کشیدگی، پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ حمزہ شہباز کو ممکنہ طور پر اہم پارٹی یا حکومتی ذمہ داری سونپنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر بھی ناگواری کا اظہار کیا، تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی باضابطہ اجلاس منعقد نہیں ہوا۔
