تازہ ترین ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

عمران خان کی پالیسی کے تحت گرفتار دہشت گردوں کو عام معافی دی گئی، بلوچستان آج بھی نتائج بھگت رہا ہے: سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کے تحت بلوچستان میں گرفتار دہشت گردوں کو عام معافی دی گئی، جس کے نتائج صوبہ آج بھی بھگت رہا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر صورت بلوچستان میں امن قائم کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن “شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے دوران اب تک 91 جبکہ گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر ایک ہزار دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیارت سانحے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بھی طلب کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زیارت دھرنا کمیٹی کی جانب سے لیویز فورس کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم حکومت نے اسے قبول نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی صورتحال نہ مکمل طور پر معمول پر ہے اور نہ ہی اتنی خراب جتنی بعض حلقے پیش کرتے ہیں، جبکہ بیشتر قومی شاہراہیں معمول کے مطابق فعال ہیں اور صرف چند علاقوں میں سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، کرپشن کے خاتمے اور نظام میں شفافیت کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور صوبے کے مسائل کا حل سیاسی مکالمے، اتفاقِ رائے اور عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے۔