اسلام آباد/کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں تعلیم، صحت، گورننس، انسانی وسائل کی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، ڈیجیٹل گورننس، شفافیت اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن، ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور صوبے میں اصلاحات، بہتر طرزِ حکمرانی، تعلیم و صحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے بلوچستان میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے تعلیم، صحت، گورننس اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
