کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای) کوئٹہ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 99 ہزار 946 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا مجموعی تناسب 89 فیصد رہا۔ گیارہویں جماعت کا نتیجہ 86.1 فیصد جبکہ بارہویں جماعت کا نتیجہ 91.5 فیصد رہا۔ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان نے 1067 نمبروں کے ساتھ پہلی، بی آر سی لورالائی کے رسد خان نے 1064 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی سعدیہ نے 1061 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بورڈ کے مطابق نقل یا ممنوعہ ذرائع استعمال کرنے پر 542 طلبہ کے نتائج روک دیے گئے ہیں، جبکہ ری کاؤنٹنگ کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے اور درخواستیں 5 اگست 2026 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
