تازہ ترین ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

جامعہ بلوچستان کا 99واں سنڈیکیٹ اجلاس، تعلیمی معیار، شفافیت اور اصلاحات کے لیے اہم فیصلے کئے گئے ۔

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
جامعہ بلوچستان کا 99واں سنڈیکیٹ اجلاس سنڈیکیٹ ہال میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جامعہ سے متعلق مختلف تعلیمی، مالی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار گل محمدکاکڑ، ٹریژرر خوشحال خان، فنانس ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر منصور بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان جانزیب خان مندوخیل، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، سنڈیکیٹ کے اراکین اور جامعہ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اکیڈمک کونسل، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی، سلیکشن بورڈز , ای آفس سسٹم سے متعلق امور اور مختلف مفاہمتی یادداشتوں سے متعلق اجلاسوں کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ مالیاتی امور، فیکلٹی سے متعلق معاملات، تدریسی پروگرامز، پالیسیوں پر نظرثانی اور دیگر ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ بلوچستان تعلیمی معیار کی بہتری، شفاف مالیاتی نظام، معیاری تحقیق اور مؤثر گورننس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سنڈیکیٹ کے اراکین کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ کو تدریس، تحقیق اور جدت کے میدان میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

سنڈیکیٹ کے اراکین نے جامعہ کی ترقی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے وائس چانسلر کی قیادت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔