کوئٹہ (ویب نیوز): محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں طاقتور مون سون سسٹم کے داخل ہونے پر 20 سے 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں، فلیش فلڈ، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی، دریائے کابل اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی متعدد اضلاع کے لیے سیلاب اور اربن فلڈنگ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
