کوئٹہ(ویب نیوز): بلوچستان میڈیا فورم نے صوبائی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فورم کے جاری کردہ اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ پالیسی مقامی اخبارات، صحافیوں، پرنٹنگ پریس کے ملازمین، ہاکرز اور نامہ نگاروں کے معاشی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی اور اس سے سینکڑوں افراد کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مقامی اخبارات طویل عرصے سے بلوچستان کے عوام کی آواز بنے ہوئے ہیں، تاہم نئی پالیسی ان اداروں کے لیے مشکلات پیدا کرے گی اور حقیقی صحافت کو نقصان پہنچے گا۔ فورم نے سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، ٹریڈ یونینز، وکلا، سماجی تنظیموں، انسانی حقوق کے اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی اخبارات اور صحافتی کارکنوں کے حق میں آواز بلند کریں۔ اعلامیے میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا گیا کہ متنازع ڈیجیٹل میڈیا پالیسی واپس لے کر صحافتی برادری کے تحفظات دور کیے جائیں۔
