اسلام آباد/کوئٹہ: (ویب نیوز): نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، معاشی اور ترقیاتی صورتحال، امن و امان اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نیشنل پارٹی کے پارلیمانی وفد بھی شریک تھا، جبکہ وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ بھی موجود تھے۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی پائیدار ترقی، عوامی فلاح اور مسائل کے حل کے لیے آئین کے دائرہ کار میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کے مسائل کا حل سیاسی مکالمے، جمہوری عمل اور عوامی اعتماد کی بحالی میں مضمر ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی وزیراعظم شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اسحاق ڈار سے مسلسل ملاقاتوں نے بلوچستان کی ممکنہ سیاسی صورتحال اور حکومت میں تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو تقویت دی ہے، تاہم اب تک کسی بھی سیاسی تبدیلی یا حکومتی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
