پاکستان ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

مٹیاری میں مال گاڑی حادثہ، 17 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ٹرین سروس 24 گھنٹے تک معطل رہنے کا امکان

کوئٹہ (ویب نیوز): سندھ کے ضلع مٹیاری میں وہاب شاہ اسٹیشن کے قریب یوسف والا کول ہاپر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 17 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور اپ و ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہوگئے۔ ڈی سی او ریلویز کراچی کے مطابق حادثے کے باعث ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد و رفت تقریباً 24 گھنٹے تک متاثر رہنے کا امکان ہے جبکہ متعدد مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ قراقرم ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، تیزگام، ملت اور فرید ایکسپریس کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا ہے جبکہ سکھر ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے سے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے، بحالی کے لیے ریلیف ٹرینیں روانہ کر دی گئی ہیں اور متاثرہ مسافروں کو ریفنڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔