پاکستان ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملکی معیشت مستحکم ہے تاہم خطے میں کشیدگی بڑھنے سے مستقبل میں معیشت متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، اس لیے بروقت اقدامات کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ وزیراعظم نے توانائی بچت اور کفایت شعاری مہم میں عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بروقت فیصلوں کے ذریعے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی اور عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی فراہمی بھی یقینی بنا دی گئی ہے۔