کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) سانحہ زیارت کے شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ کی امامت مولانا عبدالقادر لونی نے کی۔
اجتماعی نماز جنازہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، مولانا عبدالرحمٰن رفیق، ملک مجید، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر بخت کاکڑ، خان کاکڑ، سینیٹر منظور کاکڑ، ڈی آئی جی پولیس بلوچستان سمیت تاجر برادری، وکلاء برادری، ہزارہ برادری اور مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کارکنوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کے دوران غم و غصے کی فضا چھائی رہی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نماز جنازہ کے بعد جب شہداء کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا تو راستے میں ہزاروں افراد نے ایمبولینسز اور کنٹینرز پر گل پاشی کی اور شدید نعرے بازی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات دھرنا کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی وفد کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد کوئٹہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد تمام شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی گئی۔
