مقامی ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

مولانا فضل الرحمٰن کے پنجاب جلسے سے مسلم لیگ (ن) کو سیاسی نقصان پہنچا، مولانا عبد الواسع

کوئٹہ (17 جولائی 2026)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ پنجاب میں مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ جلسے سے سب سے زیادہ سیاسی نقصان مسلم لیگ (ن) کو پہنچا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پنجاب میں ان کے علاوہ کوئی بڑا عوامی اجتماع نہیں کر سکتا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعیت نے ہمیشہ ریاستی اداروں کا مورال بلند کرنے کی بات کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے وقت جے یو آئی نے سب سے پہلے پاک افواج کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ مولانا عبد الواسع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو غدار قرار دینے والے خود ملک سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے شہداء ہی حقیقی شہداء ہیں، جبکہ ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسے بیانات کا نوٹس لیا جائے جو عوام اور اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس کے قیام میں علمائے کرام نے تاریخی کردار ادا کیا۔