اسلام آباد (17 جولائی 2026) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور چین پاکستان کا سب سے قابلِ اعتماد اور مخلص دوست ہے۔ پاک چین فارماسیوٹیکل بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، جن میں ویکسین سازی، بایوٹیکنالوجی، ادویات کی تیاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین نے پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ چینی قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
