مقامی ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے جنوبی پشتونخوا کے تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیارت سانحہ کے شہداء کے لواحقین اور آل پارٹیز کی جانب سے آج 17 جولائی کو دی گئی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ جاری بیان میں عوام، انجمن تاجران اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور تعاون کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کریں۔ بیان میں زیارت، ہنہ اوڑک اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی، بدامنی اور بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی اور ظلم کے خلاف ہے۔ پشتونخوامیپ نے مؤقف اختیار کیا کہ زیارت کے شہداء کے لواحقین کے مطالبات تسلیم نہ کرنا حکومتی ہٹ دھرمی کا ثبوت ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور احتجاجی دھرنے کے تمام جائز مطالبات منظور کرے۔