تازہ ترین ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

فیفا ورلڈ کپ ارجنٹینا نے سب سے زیادہ فاؤلز کیے، مگر یلو کارڈز نسبتاً کم ملے

کوئٹہ (ویب نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل جاری کردہ ڈسپلن کے اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ فاؤلز کرنے والی ٹیم بن گئی ہے، تاہم یلو کارڈز کی تعداد کے لحاظ سے وہ سرفہرست نہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا نے اب تک 88 فاؤلز کیے جبکہ اسے صرف 9 یلو کارڈز دکھائے گئے۔ اس کے برعکس مصر کو 59 فاؤلز پر 12 اور کینیڈا کو 72 فاؤلز پر 11 یلو کارڈز ملے۔ سوئٹزرلینڈ نے 87 فاؤلز کے باوجود 8، اسپین نے 80 فاؤلز پر 6 اور انگلینڈ نے 73 فاؤلز پر 8 یلو کارڈز حاصل کیے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سب سے زیادہ فاؤلز کرنے کے باوجود ارجنٹینا کو پورے ٹورنامنٹ میں کوئی ریڈ کارڈ نہیں ملا، جبکہ سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم، انگلینڈ اور پیراگوئے کو ایک، ایک ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ ماہرین کے مطابق ہر فاؤل لازمی طور پر یلو کارڈ کا موجب نہیں بنتا کیونکہ ریفری فیصلہ فاؤل کی نوعیت، شدت اور میچ کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں، اس لیے صرف ان اعداد و شمار کی بنیاد پر ریفریوں کے فیصلوں کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔