کوئٹہ (ویب نیوز) فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کے وفد نے جاپان کے کراچی قونصلیٹ میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل تمورا تاکاہیرو سے ملاقات کی۔ وفد میں رحیمہ جلال، کریمہ جلال، نوروز بلوچ اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں تعلیم کے فروغ، خصوصاً بچیوں کی تعلیم اور فی میل ایجوکیشن ٹرسٹ کے مختلف تعلیمی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام جاپانی قونصل جنرل نے پاکستان میں تعلیمی ترقی کے لیے جاپان کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی و ثقافتی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بناتے ہیں، جبکہ وفد نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں “اونٹ پر لائبریری” سمیت دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی، جس پر جاپانی حکام نے ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
