مقامی ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

کھڈکوچہ میں مبینہ حملوں کے بعد ڈی ایچ کیو مستونگ میں ایمرجنسی نافذ

مستونگ (ویب نیوز) مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر مبینہ حملوں کی اطلاعات کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ایم ایس ڈاکٹر سعید احمد میروانی کی ہدایت پر تمام ایمبولینسز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کنڈ عمرانی، گرو اور انجیری کے علاقوں میں تین مختلف مقامات پر جھڑپوں کی اطلاعات ہیں جبکہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی علاقے کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی صورتحال کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، تاہم حکام کی جانب سے تاحال حملوں یا ممکنہ جانی نقصان کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔