تازہ ترین ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

دہشت گردی عروج پر، بلوچستان پولیس میں 5,147 آسامیاں خالی، فورس کو شدید افرادی قلت کا سامنا

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میں دہشت گردی، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں اضافے کے دوران بلوچستان پولیس کو شدید افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس میں اس وقت مجموعی طور پر 5,147 آسامیاں خالی ہیں، جن میں ایس پی، ڈی ایس پی، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل، کانسٹیبل اور دیگر انتظامی عہدے شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افرادی قوت کی کمی کے باعث تھانوں، ٹریفک، تفتیش، آپریشنز اور انتظامی شعبوں میں تعینات اہلکار اضافی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جس سے پولیس کی کارکردگی اور عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس اہلکاروں نے گزشتہ سال سے زیر التوا ترقیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے فوری بھرتیوں، پروموشنز اور افرادی قوت کے بحران کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔