پاکستان ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

پاکستان ثالثی سے پیچھے نہیں ہٹا، مفاہمتی یادداشت اب بھی قابل عمل ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور پاکستان اب بھی ثالثی کی کوششوں پر قائم ہے۔ انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت اور تیل کی بلا تعطل ترسیل پر یقین رکھتا ہے اور تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم بنیاد ہے، اگرچہ اس پر عملدرآمد کو بعض چیلنجز درپیش ہیں، تاہم پاکستان متعلقہ فریقوں کو مذاکرات کی بحالی اور کشیدگی میں کمی کی ترغیب دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عالمی توانائی، تجارت اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔