پاکستان ۱۵ جولائی ۲۰۲۶

بلاول بھٹو زرداری کا جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط، مذاکرات اور سچائی کمیشن کی تجویز

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جانوں کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے اور ہر کشمیری کی جان قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن شہریوں کو دہشت گرد یا غیر ملکی ایجنٹ قرار دینا مناسب نہیں، جبکہ سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق کے لیے پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ بلاول بھٹو نے مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات، سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام اور تمام فریقوں کے درمیان فوری مذاکرات کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق وقار، حقوق اور باہمی احترام پر استوار ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کمیشن کے قیام پر اتفاق ہو جائے تو لانگ مارچ اور دھرنے عارضی طور پر معطل کیے جائیں اور حکومت بھی کمیشن کی رپورٹ آنے تک مزید اقدامات سے گریز کرے، جبکہ پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔