مقامی ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

مولانا کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، شہداء کی عظمت سے کبھی انکار نہیں کیاانجینئر ضیاءالرحمان

کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما انجینئر ضیاءالرحمان نے کہا ہے کہ مولانا کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے کبھی بھی شہداء کی عظمت اور قربانیوں سے انکار نہیں کیا۔ سما ٹی وی کے پروگرام ’’ریڈ لائن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان جب بھی ملک کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گی، جے یو آئی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ امن، اعتدال اور مذہبی شدت پسندی کے خاتمے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی مرضی سے پیشہ اختیار کرتا ہے اور ملک کے لیے صرف سیکیورٹی اہلکار ہی نہیں بلکہ سیاسی کارکنوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ انجینئر ضیاءالرحمان نے واضح کیا کہ شہید کسی بھی ادارے سے تعلق رکھتا ہو، وہ پوری قوم کا شہید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا نے آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات کی ہے تو وہ اپنا بیان واپس لینے میں بھی تامل نہیں کریں گے۔