کوئٹہ (ویب نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے کے دوران صدر رجب طیب اردوان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور ترک عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں انہیں ترک مسلح افواج کا “ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل” عطا کیا۔ فیلڈ مارشل نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
