کوئٹہ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی آفس سیکرٹری ندا سنگر اور ضلع لورالائی کے سیکرٹری مصطفیٰ کمال نے کوئلہ پھاٹک پر جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت کے شہدا نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جب تک عوام کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاجی دھرنا اور عوامی تحریک جاری رہے گی بلکہ اسے مزید وسعت دی جائے گی۔ مقررین نے مختلف علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا، جبکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔
