کوئٹہ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)ضلع ہرنائی کو سبی ڈویژن سے الگ کرکے لورالائی ڈویژن میں شامل کرنے کی مجوزہ تجویز پر مختلف سیاسی جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی خواہشات، تاریخی حقائق اور انتظامی ضرورتوں کے منافی قرار دیا ہے۔ نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے الگ الگ بیانات میں مطالبہ کیا کہ ہرنائی کو بدستور سبی ڈویژن کا حصہ رکھا جائے کیونکہ ضلع کی تاریخی، جغرافیائی، سماجی اور انتظامی وابستگی سبی ڈویژن کے ساتھ ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت عوام، قبائلی عمائدین اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر ایسے فیصلے مسلط نہ کرے، بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور جمہوری اور آئینی احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت انتظامی تقسیم کے بجائے امن و امان، بے روزگاری، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات جیسے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے اور ہرنائی کو سبی ڈویژن سے الگ کرنے کی تمام تجاویز فوری طور پر واپس لے۔
