پاکستان ۱۲ جولائی ۲۰۲۶

شعبان آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 68 ہو گئی، 5جولائی سے مجموعی تعداد 105 تک جا پہنچی

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن “آپریشن شعبان” اتوار کے روز بھی جاری رہا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ اس گرینڈ آپریشن میں اب تک 68 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 5 جولائی سے مختلف کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن شعبان زیارت کے ملحقہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں سمیت خاران، مستونگ اور دیگر علاقوں میں جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

دریں اثناء زیارت میں گزشتہ دنوں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی میتیں تاحال کوئلہ پھاٹک پر دھرنے میں رکھی گئی ہیں۔ گزشتہ رات دھرنا کمیٹی اور وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور دیگر سرکاری حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار رہا۔
دھرنے کے باعث کوئٹہ میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سخت گرمی میں عوام میں پائی جانے والی بے چینی کے خاتمے کے لیے فوری اور بامقصد مذاکرات کی ضرورت ہے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن شعبان کی کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔