کوئٹہ(وېب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے ضلع ہرنائی کو سبی ڈویژن سے نکال کر لورالائی ڈویژن میں شامل کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی خواہشات اور صوبائی کابینہ کے فیصلے کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاسوں میں وہ دو مرتبہ یہ مؤقف پیش کر چکے ہیں کہ ہرنائی کو سبی ڈویژن کا حصہ رہنے دیا جائے اور ضلع زیارت کو لورالائی ڈویژن میں شامل کیا جائے، جس کی کابینہ نے بھی منظوری دی تھی، مگر جاری کردہ نوٹیفکیشن اس کے برعکس ہے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ وہ ہرنائی کے عوام کی مرضی کے خلاف کسی فیصلے کی حمایت نہیں کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو احتجاج سمیت ہر آئینی و جمہوری فورم پر عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ موجودہ نوٹیفکیشن واپس لے کر ضلع ہرنائی کو دوبارہ سبی ڈویژن میں شامل کیا جائے۔
