کوئٹہ(وېب نیوز) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شعبان اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، سیکیورٹی ادارے اور عوام دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں اور قومی اتحاد ہی امن دشمن عناصر کی شکست کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صحت، تعلیم، ترقیاتی منصوبوں اور روزگار کے مواقع کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سمت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔
