کوئٹہ (ویب نیوز): بلوچستان اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے تحت آج 11 جولائی سے صوبہ بھر، خصوصاً کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں، بالخصوص افغان مہاجرین، کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس، ایف سی، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ کارروائیاں کریں گے، جبکہ شناختی دستاویزات کی جانچ مزید سخت کی جائے گی اور مختلف کاروباری مراکز میں کام کرنے والے افراد کی قانونی دستاویزات کی بھی تصدیق کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس مقامات پر نگرانی بڑھانے اور دہشت گردی، سہولت کاری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں بھی تیز کی جائیں گی۔ نوٹ: خبر میں شامل بعض معلومات ذرائع سے منسوب ہیں، جن کی تمام تفصیلات کی سرکاری سطح پر باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
