مقامی ۱۰ جولائی ۲۰۲۶

مانگی ڈیم حملے میں 27 اہلکار شہید، آخری دم تک مزاحمت کی، حکومتی تحقیقاتی رپورٹ جاری

کوئٹہ (ویب نیوز)حکومت بلوچستان نے مانگی ڈیم پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق حملے میں 27 پولیس اہلکار شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے حملے سے قبل ممکنہ خطرے سے آگاہ کر دیا تھا، جس کے بعد پوسٹ پر اضافی نفری اور اسلحہ فراہم کیا گیا۔ حملے کے دوران اہلکاروں نے شدید مزاحمت کی اور گولہ بارود ختم ہونے تک اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ علاقے کے دشوار گزار جغرافیے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ بعد ازاں ایف سی اور پاک فوج نے وسیع پیمانے پر کومبنگ آپریشن شروع کر دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دستیاب شواہد اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔