کوئٹہ(وېب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام ہنہ اوڑک، کلی ببری میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے کے خلاف بی اے مال، ایئرپورٹ روڈ پر جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے ایک عظیم الشان اور پرامن جلوس نکالا گیا۔جلوس کی قیادت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کی، جبکہ مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، آغا سید لیاقت علی، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، علاالدین کولکوال، عبدالحق ابدال، صلاح الدین اچکزئی، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، سید شراف آغا، مجید خان اچکزئی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما، ضلعی عہدیدار اور ہزاروں کارکن بھی شریک تھے۔جلوس مرکزی سیکرٹریٹ سے روانہ ہو کر زرغون روڈ، سمنگلی روڈ اور کوئلہ پھاٹک فلائی اوور سے ہوتا ہوا ایئرپورٹ روڈ پر قائم احتجاجی دھرنے میں پہنچا، جہاں شرکا نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔اس موقع پر جاری بیان میں پارٹی کی جانب سے ضلع کوئٹہ کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ موجودہ صورتحال میں ہر قسم کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے لیے تیار رہیں۔ بیان میں مختصر نوٹس پر بڑی تعداد میں جلوس اور احتجاجی دھرنے میں شرکت کرنے پر کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں متاثرہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنا قومی اور انسانی ذمہ داری ہے، اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
