پاکستان ۹ جولائی ۲۰۲۶

محمود خان اچکزئی کا آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور حقیقی وفاقی جمہوریت پر زور

اسلام آباد/کوئٹہ (ویب نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام “سیو بلوچستان” آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک رضاکارانہ وفاق ہے جہاں تمام قومیتوں کے آئینی، جمہوری اور مساوی حقوق کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مضبوطی آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی، آزاد انتخابات، آزاد عدلیہ، آزاد صحافت اور قانون کی حکمرانی سے مشروط ہے۔ محمود خان اچکزئی نے زیارت اور ہنہ اوڑک کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب، مؤثر طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں، تمام وفاقی اکائیوں کے وسائل اور حقوق کا احترام کیا جائے اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور جمہوری عمل کے ذریعے نکالا جائے تاکہ ملک میں پائیدار امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو فروغ مل سکے۔