کوئٹہ (ویب نیوز) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والی کشتی میں سوار عملے کے تمام 20 پاکستانی افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل فوری طور پر روانہ کیے گئے۔ پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام افراد کو محفوظ نکال کر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے انسانی جانوں کے تحفظ اور ہر قسم کی سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری کا مظہر ہے۔
