کوئٹہ (ویب نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ کے علاقے شاہ حسن خیل میں دو گروپوں کے درمیان مبینہ دیرینہ دشمنی پر ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات شروع کر دیے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مزید نفری بھی طلب کر لی ہے۔
