کوئٹہ ( سید سردار محمد خوندئی )
وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورہ کوئٹہ، ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر بدھ کو کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں اہم شخصیات کی شرکت
اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر 12 کور، وفاقی وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں زیارت سمیت تمام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر محمود اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایپکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار عطا فرمایا ہے۔ ہماری سفارتی کامیابیاں ہوں یا گزشتہ سال مئی کی چار روزہ جنگ، جس میں اللہ کے فضل سے پاکستان سرخرو ہوا، یہ سب دشمن کو ہضم نہیں ہو رہا۔ اسی لیے وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔
میں اپنی جانب سے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی جانب سے قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس فتنے کے خاتمے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے، ان شاء اللہ، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملک دہشت گرد عناصر کی مکمل مالی معاونت کر رہا ہے اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے واضح کیا ۔فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ زیارت اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ تمام ملک دشمن عناصر جان لیں کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے۔ بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے۔
سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ
دورے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کے حالیہ واقعات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے۔


