کوئٹہ (ویب نیوز): ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے اور کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں، اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور مسلسل رابطوں کا راستہ اختیار کریں۔ ترجمان نے کہا کہ تمام فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں، کیونکہ یہ مفاہمتی یادداشت باہمی احترام، افہام و تفہیم اور علاقائی و عالمی خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، کشیدگی میں کمی اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
