لاہور (ویب نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے اسد شفیق اور مصباح الحق کے ہمراہ سکواڈ کا اعلان کیا، جس میں شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں، جبکہ سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ مختلف فارمیٹس کے تقاضوں اور ٹیم کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مصباح الحق نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں اور کپتان دونوں کی کارکردگی میں تسلسل ناگزیر ہے۔ قومی ٹیم 18 جولائی کو وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹرینیڈاڈ کے شہر ٹاروبا میں کھیلا جائے گا۔
