پاکستان ۵ جولائی ۲۰۲۶

ایم کیو ایم نے حکومت کو آخری وارننگ دے دی، مطالبات منظور نہ ہوئے تو اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے

کراچی (ویب نیوز): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی حکومت کو اپنے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے آخری وارننگ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر لاپتا کارکنوں کی بازیابی، سندھ کی گورنر شپ، آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد، اربن ڈیولپمنٹ پیکج اور دیگر معاہدہ شدہ نکات پورے نہ کیے گئے تو پارٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اپنے 22 ارکان کے لیے اپوزیشن بینچوں پر نشستیں مختص کرنے کی درخواست کرے گی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 2022 کے معاہدے کے ضامن وزیراعظم شہباز شریف ہیں، اس لیے وہ معاہدے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کراچی کے لیے الگ انتظامی یونٹ بنانے کا بھی مطالبہ کیا، جبکہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے مؤقف کو سیاسی بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی دباؤ کے ذریعے سندھ کے معاملات پر اثرانداز ہونے کی کوشش آئینی ڈھانچے کے خلاف ہے۔