تازہ ترین ۳ جولائی ۲۰۲۶

جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی چوکی پر خودکش حملہ، 4 اہلکار شہید، 16 زخمی

گوادر/کوئٹہ (ویب نیوز) ضلع گوادر کے ساحلی علاقے پانوان، جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی چوکی پر خودکش گاڑی بم حملے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے تین اہلکار اور پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ 16 اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد سے بھرا ایک مال بردار ٹرک چوکی کی مرکزی عمارت سے ٹکرا دیا گیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور چوکی کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا۔ واقعے کے وقت چوکی پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی تھرڈ بٹالین اور پنجاب رجمنٹ کی 32 یونٹ کے مجموعی طور پر 20 اہلکار تعینات تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ زخمیوں کو جیونی اور گوادر کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے حملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔